خطے کے مسائل ہم پرمسلط کیے گئے ہیں

zardari karzai ahmadi

zardari karzai ahmadi

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ خطے کو درپیش مسائل بیرونی طاقتوں کی وجہ سے ہیں اور تینوں ملکوں کو ملِ کر ان مشکلات کا حل نکالنا ہوگا۔
اسلام آباد میں سہ فریقی سربراہی کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں کسی بیرونی طاقت کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

جمعہ کو ایوانِ صدر میں ہونے والی اس بات چیت کی سربراہی پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کی اور اس میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور افغان صدر حامد کرزئی بھی شریک ہوئے۔
نامہ نگار کے مطابق ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اس خطے کے مسائل بیرونی طاقتوں کی جانب سے مسلط کیے گئے ہیں اور صرف متحد ہو کر ہی ان کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کسی عالمی طاقت کا نام لیے بغیرکہا کہ تمام مسائل باہر سے آ رہے ہیں اور اس سے ان کا مقصد اپنے مقاصد کا حصول اور عزائم کی ترویج ہے۔ وہ ہماری قوموں کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ملکوں کے سربراہ خطے میں مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور انہیں امید ہے کہ مشترکہ مفاد کے حصول کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر آصف زرداری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور کسی عالمی دبا سے پاکستان اور ایران کے تعلقات متاثر نہیں ہو سکتے۔