راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہد رفیق نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے تین گواہان پر جرح مکمل کرنے کے بعد استغاثہ کے مزید چھ گواہان پر جرح مکمل کرنے کے لیے انہیں طلب کرکے سماعت پچیس فروری تک ملتوی کردی ہے۔
سماعت کے موقع پر عدالت نے استغاثہ کے تین گواہان عثمان، فیروز عالم اور حیدر علی کانسٹیبل پر جرح مکمل کرلی جبکہ عبدالرشید ترابی کا اقبالی بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ احمد مسعود جنجوعہ پر وکلا صفائی کی تیاری مکمل نہ ہونے کے باعث جرح نہ ہوسکی۔ جرح آئندہ سماعت پر ہوگی۔ سماعت کے بعد وفاق کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گواہان کو خطرہ اور مبینہ دھمکیوں کے باعث ان کے نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے۔