پاکستان: لاہوربیورو اور مرکزی آفس ایم سی بی یورپ کے مطابق گزشتہ دنوں مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میںتحریک منہاج القرآن کی ٢٨ ویں سالانہ اور عالم اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس ١١ ربیع الاول کی رات منعقد ہوئی، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے براہ راست ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کی مکمل کارروائی منہاجTV اور QTV پر مینار پاکستان سے لائیو نشر ہوئی اور دنیا بھر کے ناظرین تک کانفرنس کا آنکھوں دیکھا حال پہنچایا گیا۔
دنیا کے سب سے بڑے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماع میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ جن میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں سمیت خواتین بھی شامل تھیں۔ کانفرنس کے دوران تیز بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ تاہم اتنے خراب موسم کے باوجود لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مینار پاکستان کے سبزہ زار میں کھلے آسمان تلے جم کر بیٹھے رہے اور کانفرنس کو کامیاب بنایا۔ اس عالمی میلادکانفرنس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اسامہ محمد العبد ،وائس چانسلر الازھر یونیورسٹی، مصرتھے۔ جبکہ آستانہ عالیہ چشتیہ آباد، کامونکی کے پیر سید خلیل الرحمان چشتی ؛ امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، سینئر وائس چیئرمین پاکستان عوامی تحریک آغا مرتضیٰ پویا، سکریٹری جنرل تحریک علماء پاکستا ن حضر ت علامہ سید علی غضنفر کراروی، آستانہ عالیہ اوچ شریف کے حضرت پیر نفیس الحسن شاہ اور سید مشرف علی شاہ بھی مہمانان اعزازی کے طور پرموجود تھے۔ ملک بھر سے نامور مشائخ عظام، علمائے کرام، گدی نشین نیز اہم سیاسی ،سماجی اور اقلیتی رہنمائوں کی کثیر تعداد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔
عالمی میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ساڑھے نوبجے شب تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد ثناء خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں ملک پاکستان کے معروف نعت خوان حضرات نے ثناء خوانی کی، خصوصاً ہمدانی برادران، مرغوب احمد ہمدانی اور محبوب احمد ہمدانی، اختر حسین قریشی، کیو ٹی وی کے عابد رؤف قادری، قاسم مدنی، منہاج نعت کونسل کے اراکین، شکیل احمد طاہر، محمد حمزہ نوشاہی، حیدری برادران، شہزاد برادران، قاری عنصر علی قادری اور محمد فیصل نقشبندی نے اپنے مخصوص انداز میں ثناء خوانی کر کے حاضرین کے دل موہ لئے۔ نعت خوانی کے دوران لاکھوں شرکائے کانفرنس نے اسم محمد والی سبز جھنڈیاں لہرا تے ہوئے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تمام یورپی ممالک ، امریکہ اور کینیڈا میں قائم مراکز پر منہاج ٹی وی کے ذریعے اس عالمی میلاد کانفرنس کوبراہ راست دکھانے کے انتظامات کئے گئے ۔جہاں تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں اور عہدیداران کے علاوہ دوسرے مسلمان بھائی بہنوں کو بھی اس عظیم روحانی، بابرکت اور تاریخی محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی برکتوں سے مستفید ہونے کا موقعہ ملا۔ جس پر ایم کیو آئی کے تمام اندرونی و بیرونی مراکز،تنظیمات،ادارے اور مرکزی انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔