اقوام متحدہ کی عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران سے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہو پایا۔ آئی اے ای اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کی ٹیم نے دورہ ایران کے دوران پرچن میں فوجی تنصیبات کے معائنے کی درخواست کی تھی جسے ایران نے مسترد کر دیا۔
ایٹمی ایجنسی نے ایران کے رویے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا مقصد بحران کا پرامن حل نکالنا تھا۔ مغربی ممالک ایران سے جوہری پروگرام بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ ایران کا موقف ہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ آئی اے ای اے کی ٹیم کے پاس معائنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔
ویانا سے جاری بیان میں آئی ای اے نے کہا کہ تہران میں موجود معائنہ کاروں کی ٹیم گزشتہ دو دن سے ایرانی حکومت سے پراچین جوہری تنصیب کے معائنے کی اجازت مانگ رہی ہے لیکن تہران انہیں اجازت نہیں دے رہا۔
عالمی توانائی ایجنسی نے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایران کی موجودہ ٹیم کو معائنے کا مینڈیٹ حاصل نہیں، ٹیم ارکان سے صرف مذاکرات کئے جائیں گے۔