پاکستانی پارلیمنٹ کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ ہیلری کلنٹن

Hillary

Hillary

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اس حوالے سے وہ پاکستانی پارلیمنٹ کے فیصلے کی منتظر ہیں۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا پاک امریکا تعلقات تعطل کا شکار ہیں، تاہم مذاکرات کے ذریعے ان میں بہتری کی کوششیں جاری ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات انتہائی مثبت رہی اور اس میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے پہلے ہیلری کلنٹن اور حنا ربانی کھر کے درمیان ملاقات ہوئی جو پیتالیس منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان کے معاملے سمیت خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی جلد بحالی انتہائی ضروری ہے۔