توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو ہتھکڑیاں لگنے کے منتظر افراد کو مایوسی ہوئی۔ اعتماد ہے کہ وزیر اعظم بری ہو جائیں گے۔
سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں اعتزاز احسن نے کہا کہ چاقو چھریاں تیز کرنے والوں کو نا امیدی ہوئی، عدالت میں معاملات قانون کے مطابق چلتے ہیں۔ اعتزاز احسن نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے نرگس سیٹھی کی عدالت میں پیشی اور جرح کی اجازت دی ہے۔ گواہان کے بیانات مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم سے تحریری یا زبانی بیان لیا جائے گا۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وہ توہین عدالت کیس میں وزیراعظم کی بریت کیلئے پر اعتماد ہیں۔ میڈیا کے سوالات پر اعزاز احسن نے وضاحت کی کہ سینیٹ کی نشست انھیں اس کیس کی فیس کے طور پر نہیں دی گئی۔ وہ پارلیمنٹیرین ہیں اور پارٹی نے انھیں میرٹ پر ٹکٹ دیا۔