گلگت : (جیو ڈیسک) کوہستان دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ گلگت میں ادا، گلگت میں سیکورٹی صورتحال کی پیش نظر آج دوپہر سے غیر معینہ مدت تک کرفیو نافذ کردیا گیا۔ گلگت بلتستان میں کوہستان دہشتگردی کے واقعے کے بعد صورتحال سخت کشیدہ ہے، گذشتہ روز دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی گئی تھی، صوبائی حکومت نے یکم مارچ تک تعلیمی، سرکاری اور غیر سرکاری ادارے بند جبکہ عوام کے بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی لگائی تھی۔
سیکیورٹی کے پیش نظر گلگت غذر روڈ دوسرے روز بھی بند ہے جبکہ گلگت میں دوپہر سے غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے غذر راولپنڈی بس سروس بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی۔ گزشتہ روز راولپنڈی سے گلگت آنے والی مسافر بس کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے تھے جن کا تعلق اسکردو اور ہنزہ نگر سے تھا۔