(جیو ڈیسک) اقوام متحدہ نے شام میں پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عرب لیگ کے منصوبے پر عملدرآمد پرزور دیا ہے۔
شام کے تنازعہ پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام کی حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ فورسز کی پرتشدد کارروائیاں ملک کے امن عمل میں رکاوٹ ہیں۔ عرب لیگ کے منصوبے پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔
بان کی مون نے کہا کہ شام کے حراستی مراکز میں شہریوں پر تشدد باعث تشویش ہے۔ بان کی مون نے شام کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کیلیے کام کرنے والی تنظیموں کو امدادی اشیا لے جانے کی اجازت دی جائے۔