سینٹ الیکشن کا پر امن انعقاد جمہوری عمل اور ملکی استحکام کی تقویت کا باعث بنے گا

لالہ موسیٰ :(جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن کا پر امن ماحول میں انعقاد جمہوری عمل اور ملکی استحکام کی تقویت کا باعث بنے گا ، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہ ہونے پائے ، انہوں نے کہا کہ مگر پنجاب میں قائم مسلم لیگ ن نے میثاق جمہوریت معاہدے سے انحراف کرتے ہوئے لوٹا کریسی کو فروغ دیا ، انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ محسن لغاری کو کامیاب کرانے کے لئے ہمارے چند ارکان بھی بہکا وے میں آ گئے ہوں ، اس کی ہم تحقیقات کریں گے ، قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ تاہم تمام تر سازشوں کے باوجود حکومت میں شامل اتحادی جماعتیں متحد و منظم رہیں ہیں ، یہی وجہ ہے کہ اتحادی جماعتوں کے زیادہ سے زیادہ اراکین سینٹ الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے 41اراکین کی کامیابی ، جمہوری قوتوں کی فتح اور جمہوریت مخالف سازشی عناصر کی شکست ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائد صدر آصف علی زرداری نے محترمہ کی شہادت کے بعد اس عزم کا اظہار کے تھا کہ ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کا انتقام نظام بدل کر لیں گے ، انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کامیابی نظام کے بدلنے کا پیش خیمہ ثابت ہو گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، اسی لئے ہم مفاہمت کی سیاست کے تحت سب کو ساتھ ملا کر چل رہے ہیں ،ا سی میں پاکستان کی بقاء ، سلامتی جمہوری اداروں کی مضبوطی اور قوم کی ترقی کا راز مضمر ہے ۔