لاہور : (جیو ڈیسک)ماروی میمن نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ان کا کہنا تھا کہ استعفے کے بعد میرے پاس کئی آپشنز تھے مسلم لیگ ن نے بڑے خلوص سے دعوت دی جسے قبول کیا۔
لاہور رائے ونڈ میں مسلم لیگ نواز کے رہنما نواز شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت عوام کو مشکلات سے نکالے گی اور میں کارکن کی حیثیت سے مسلم لیگ ن میں کام کروں گی۔ اقتدارچھوڑ کرآئی ہوں ملک اور قوم کے لئے کام کرنا ہے۔اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماروی میمن پاکستان کے مسائل حل کرنے کی سوچ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی نہیں،اقدار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم اصولوں میں رہ کر اصولوں کی بات کرتے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ جوغلط کام کرے گا اس کا محاسبہ کریں گے ایسے اقتدار کا کیا فائدہ جس سے مسائل میں اضافہ ہو جائے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے لوگوں نے قربانیاں نہیں دیں۔نواز شریف نے کہا کہ اگر چوہدری برادران قوم سے ڈکٹیٹر کا ساتھ دینے پر معافی مانگ لیں تو ان کو خوش آمدید کہیں گے۔