گجرات : (جیو ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ میمو جھوٹ پر مبنی دستاویز ہے جو پاک امریکہ کشیدہ تعلقات سے توجہ ہٹانے کے لیے اٹھایا گیا۔ گجرات کے گاوں کوٹ بیلہ میں ذرائع سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہاکہ میمو سکینڈل تیار کرنے والے وہ لوگ تھے ۔ جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان نیٹو حملے کے بعد پیدا شدہ کشیدگی سے توجہ ہٹانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میمو جھوٹ پر مبنی دستاویز کا مینارتھا جو اب گر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ، نیٹو اور افغانستان کے تعلقات میں جو تناؤ آ گیا تھا اس سے توجہ ہٹانے کے لیے میمو کا معاملہ اٹھایاگیا۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ دینا بھر میں امریکہ کی اپنی ایک حثیت ہے لیکن آج سے پہلے بھی ذوالفقارعلی بھٹو کو ایران سے تعلقات بنانے سے روکا گیا۔ مگر ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ہماری قیادتیں عبرتناک مثالیں بن گئیں۔ مگر ہم نے کبھی بھی ملکی مفاد کا سودا نہیں کیا۔ ہم کسی کے غلام نہیں اور دنیا سے لڑنا بھی نہیں چاہتے ۔ ہم آزاد ملک ہیں اور ہماری خارجہ پالیسی بھی آزاد ہے۔
عدالت نے جو جنرل پرویزکے ریڈ وارنٹ جاری کیے اس پر قمرزمان قائرہ کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا مقدمہ اس وقت عدالت کے اندر زیر سماعت ہے ۔عدالت اور تفتیشی افسران نے جن کو سمجھا ان کو طلب کیا۔ جنرل پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کے وانٹ جاری ہوئے کیونکہ یہ عدالتی عمل ہے۔ بینظیر بھٹو کے بارے ہم کہ چکے ہے کہ تفتیشی افسران جن ملزمان پر الزامات ہیں ان کو کلیئر کریں۔ تاکہ اصل ملزما ن کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔