حدیثہ : (جیو ڈیسک) عراق کے شہر حدیثہ میں پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں کم از کم اکیس عراقی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق کئی مسلح افراد نے پیر کی صبح عراق کے مغربی شہر حدیثہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں میں سے بعض فوج کے یونیفام میں ملبوس تھے۔ حملہ آوروں نے پولیس کے دو اعلی اہلکاروں کو اغوا بھی کر لیا ہے۔ حدیثہ صوبہ انبار کا شہر ہے، یہ صوبہ القاعدہ کا ایک مضبوط گڑھ ہوا کرتا تھا لیکن دو ہزار چھ میں مقامی سنی قبائل نے القاعدہ کو علاقے سے نکالنے کے لیے امریکی فوج کا ساتھ دیا تھا۔