سپریم کورٹ: (جیو ڈیسک) بے نظیر قتل کی دوسری ایف آئی آر درج کرنے کے کیس میں پرویز مشرف، بابر اعوان، سعود عزیز، خرم شہزاد اور یاسین فاروق کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
ایف آئی اے حکام نے درخواست کی کہ مقدمے میں انہیں بھی فریق بنایا جائے۔ درخواست گزار کو اعتراض نہ ہونے پر ایف آئی اے کو فریق بننے کی اجاذت دے دی گئی۔
دوران سماعت چیف جسٹس ا فتخار محمد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف ، بابر اعوان ، سعود عزیز ، خرم شہزاد اور یاسین فاروق کے پتے نہ ہونے کی وجہ سے ان کے نوٹسززکی تعمیل نہیں ہوسکی۔
چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے گھر کے باہر نوٹس چسپاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ فریقین کو دوبارہ نوٹسزز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ مقدمے کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔