یہ لوگ جس سے اب انکار کرنا چاہتے ہیں
Posted on March 12, 2012 By Adeel Webmaster سلیم کوثر
On Floor
یہ لوگ جس سے اب انکار کرنا چاہتے ہیں
وہ گفتگو در و دیوار کرنا چاہتے ہیں
ہمیں خبر ہے کہ گزرے گا ایک میل فنا
سو ہم تمہیں بھی خبردار کرنا چاہتے ہیں
اور اس سے پہلے کہ ثابت ہو جرمِ خاموشی
ہم اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتے ہیں
یہاں تک تو آ گئے آپ کی محبت میں
اب اور کتنا گنہگار کرنا چاہتے ہیں
گل امید فروزاں رہے تری خوشبو
کہ لوگ اسے بھی گرفتار کرنا چاہتے ہیں
اٹھائے پھرتے ہیں کب سے عذاب دربدری
اب اس کو وقف رہِ یار کرنا چاہتے ہیں
جہاں کہانی میں قاتل بری ہوا ہے ، وہاں
ہم اک گواہ کا کردار کرنا چاہتے ہیں
سلیم کوثر