بڈھ بیرخودکش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 17ہوگئی

peshawar blast

peshawar blast

پشاور : (جیو ڈیسک)بڈھ بیر میں گزشتہ روز خودکش حملے کے مزید دو زخمیوں نے دم توڑدیا ہے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی ہے۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں انسانی جانیں ضائع ہونے پر شہر کی فضا سوگوار ہے۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق بڈھ بیر میں ہونے والے خودکش حملے کے مزید دو زخمیوں نے آج دم توڑدیا۔ گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے افراد کی آج مختلف علاقوں میں نمازجنازہ ادا کی گئی۔ پشاور کے نواحی علاقے میں ہونے والے اس خودکش حملے کی ایف آئی آر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم تحریک طالبان کیخلاف درج کرلی گئی ہے جبکہ خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضا ڈی این اے کیلئے بھجوادیئے گئے ۔

 

دھماکے کی تحقیقات کیلئے اے آئی جی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد گزشتہ رات تک پولیس کا نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رہا جس میں پینتیس مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق علاقہ غیر سے آنے والے تمام راستوں پر اضافی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔