کراچی : (جیو ڈیسک)اصغر خان کیس کے اہم گواہ یونس حبیب نے انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا نام فہرست میں ایف آئی اے نے شامل کرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ساٹھ لاکھ روپے دو قسطوں میں دیئے۔
یونس حبیب نے کہا کہ یوسف ایڈووکیٹ نے انہیں انیس ننانوے میں انہیں بتایا تھا کہ الطاف حسین کوپیسے نہیں دیئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے ان سے انکوائری کی تھی،ایف آئی اے کے سامنے تو کچھ بھی لکھ دوں گا کیونکہ وہ بھی تو پولیس ہی ہے الطاف حسین کو کوئی پیسے نہیں ملے۔
یونس حبیب نے کہا کہ نوازشریف کو خود انہوں نے پیسے دیئے،جو انہوں نے بیٹے کو پکڑادیئے۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف کو ایک بار 35 لاکھ اور دوسری بار 25 لاکھ روپے دیئے گے۔ یونس حبیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو 25 لاکھ مہران بینک کے صوبائی صدر سے دلائے۔ مہران بینک اسکینڈل کے مرکزی کردار یونس حبیب کا کہنا تھا کہ ترانوے کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو پانچ کروڑ روپے دیئے جو کچھ مخصوص لوگوں کو دیئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعجاز الحق کی والدہ کو15 لاکھ روپے دیئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان اور آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ کے کہنے پر سات کروڑ روپے یوسف میمن ایڈوکیٹ کو دیئے۔