شام : (جیو ڈیسک) سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مزید پچاس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سرکاری فوج نے باغیوں سے عدلب شہر کا قبضہ دوبارہ چھڑا لیا جبکہ ملک بھر میں حکومت خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ صدر نے پارلیمانی انتخابات مئی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نشریاتی اداروں کے مطابق ملک بھر میں حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ ہزاروں افراد نے صدر بشارلاسد کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بلند کئے کہ صدر تمہارے دن گنے جا چکے ہیں۔
ادھر شام کی سرکاری فوج نے عدلب شہر میں ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں سے حملہ کیا اور باغیوں سے شہر کا قبضہ دوبارہ چھڑالیا۔ شام کے صدر بشارلاسد نے ملک میں پارلیمانی انتخابات رواں سال سات مئی کو کرانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب شام کے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ایلچی کوفی اعنان ترکی پہنچ گئے ہیں۔ کوفی عنان کا کہنا ہے کہ وہ شام میں تشدد بند کرانے کیلئے دی گئی تجاویز پر دمشق کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔