کراچی : متحدہ کے ساتھی جھکنے اور بکنے والے نہیں، الطاف حسین

mqm

mqm

کراچی : (جیو ڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ساتھی جھکنے اوربکنے والے نہیں، آج کا جلسہ پورے پاکستان میں سنا جا رہا ہے۔ وہ حیدرآباد میں ایم کیوایم کییوم تاسیس کیاجتماع سے ٹیلی فو نک خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کڑے وقت میں ساتھ دینے والوں کوسلام پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے تمام کارکنوں کو یوم تاسیس کی مبارباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ اور آج کا جلسہ قوم کی تاریخ بدلنے کا نقطہ آغاز ہو گا۔

الطاف حسین نے کہا کہ اس بار یوم تاسیس کا جلسہ حیدرآباد میں ان کی خواہش پر ہوا ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میرا گھر ہے،حیدرآباد ایم کیو ایم کا قلعہ ہے، میں بہادرساتھیوں کو جنم دینے والی ماں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایم کیو ایم نے آج تک کا سفر قربانیاں دے کر طے کیا ہے ،ایم کیوایم آج پاکستان کے ہرمظلوم کے دل کی دھڑکن بن چکی ہے۔ صوبہ سندھ کو مضبوط بنانا ہوگا اور اس کے حقوق دینے ہوں گے،بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو بھی ان کا حق دینا ہوگا۔

الطاف حسین نے دانشوروں سے کہا کہ وہ سندھ کی تقسیم کی سازش کو ناکام بنا دیں، پرانے اور نئے سندھی کا فرق ختم کردیا جائے،20سال سے میں جلاوطن ہوں، میراقصور یہ ہے کہ میں غریب متوسط طبقے کا لیڈر ہوں،انہوں نے کہا میں نہ بکنے اور نہ جھکنے کے جرم کی وجہ سے جلاوطن ہوں۔

آئی ایس آئی کی جانب سے ماضی میں سیاستدانوں کو دئے گئے پیسوں کے حوالے سے الطاف حسین نے کہا کہ وہ واحد سیاستدان ہیں جس نے پیسے لینے سے انکار کردیا تھا۔ تمام صوبوں کو ان کے جائز حقوق دینے ہوں گے۔ انہوں نے جلسہ میں موجود عوام سے کہا کہ وعدہ کریں کسی جاگیردار،وڈیرے کو ووٹ نہیں دیں گے،آج کا جلسہ خواتین نے اپنے نام کرلیا ہے،دنیا سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ختم ہوچکا ، ہم سرمایہ کارانہ نظام کے خلاف ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ بھتہ مافیا نے کراچی میں صنتعتکاروں تنگ کررکھا ہے، حکومت کراچی کے تاجروں کو بھتہ خوروں سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ میں صدرزرداری کو پارلیمنٹ سے پانچویں خطاب پرمبارکباد دیتا ہوں، صدرمملکت کراچی کو بھتہ اور پرچی مافیا سے نجات دلادیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ سندھی بھائی نام نہاد قوم پرستوں کی باتوں میں نہ آئیں،ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو فرقہ وارایت کے خلاف ہے،ایم کیو ایم کی حکومت آئی تو لفظ اقلیت کو ختم کردوں گا،متحدہ کے پرچم تلے تمام مذاہب اور مسالک کے لوگ متحد ہیں۔