امریکہ : (جیو ڈیسک) افغانستان میں اتحادی فوج کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے کہاہے کہ رواں سال کے آخر تک کابل سے مزید فوج واپس نہ بلائی جائے۔ نفری میں کمی کی گئی تو انخلا کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ جائے گا۔
امریکی اخبار کے مطابق جنرل جان ایلن نے کانگریس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ اگر افغانستان سے فوج واپس بلائی گئی تو اس سے اوباما کے لیے مشکل فیصلہ التوا میں پڑ جائے گا۔ جنرل ایلن نے کہاکہ آخری فتح امریکہ ہی کی ہو گی تاہم افغانستان کے جنوب سے افواج کو منتقل کرنا قبل از وقت ہوگا۔
جنرل ایلن نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ افغانستان میں امریکی فوج کو کئی چیلنج درپیش ہیں۔ انھوں نے گزشتہ دنوں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو جلائے جانے اور ایک امریکی فوجی کے ہاتھوں نہتے لوگوں کے قتل کی مذمت کی۔
کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے جنرل ایلن نے کہا کہ آئندہ سال کے آخر تک افغانستان کی فوج ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کی بنیادی ذمہ داری سنبھال چکی ہوں گی۔