اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سوئس عدالتوں کو خط لکھنے سے متعلق عدالتی حکم پر اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کا جواب سپریم کورٹ میں داخل کرا دیا۔وزیراعظم نے جواب میں موقف اختیار کیاہے این آراو عمل در آمد سے متعلق معاملات توہین عدالت کیس میں بھی چل رہے ہیں۔ اگر چہ یہ دو الگ الگ کیسز ہیں لیکن معاملے کی نوعیت ایک ہی ہے۔
وزیراعظم نے سپریم کورٹ سے استدعا کی جب تک توہین عدالت کیس کا فیصلہ نہیں آجاتا این آر او عمل درآمد کیس موخر کر دیا جائے۔ این آراو عمل در آمد کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی زیر سربراہی بنچ کر رہا ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق کو وزیراعظم کا جواب تحریری صورت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت اب انتیس مارچ کو ہوگی۔