اسلام آباد : (جیو ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر ممبر شپ کا آغاز کر دیا ہے جبکہ پارٹی آئین کی بھی متفقہ منظوری دید ی گئی ہے۔ مرکزی عاملہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رکینت سازی کی تکمیل کے بعد پارٹی انتخابات کرائے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ویب سائیٹ کے زریعے بیرون ممالک پاکستانی رکینت حاصل کر سکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کا انتخاب ارکان عمل میں لائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دعوی کیا کہ اقتدار کے نویں روز ہی کرپشن کا خاتمہ کر دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں نوراکشتی ہو رہی ہے یہ لوگ آپس میں ملے ہوئے ہیں ایک دوسرے کا احتساب نہیں ہونے دینگے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی عہدیداربھی اپنے اثاثے اور ٹیکس سے متعلق معلومات ظاہر کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے ابرارالحق کو پاکستان تحریک انصاف یوتھ کا صدر نامزد کرنے کا اعلان کیا۔