جان کو خطرہ ہے، پاکستان نہیں آسکتا، حسین حقانی

haqani

haqani

امریکہ : ( جیو ڈیسک )امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے چیف جسٹس آف پاکستان کوخط لکھا ہے جس میں انھوں نے اپنی زندگی کولاحق خطرات کی تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔جان کوخطرہ ہے پاکستان نہیں آسکتا۔حسین حقانی نے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے اے آروائے نیوز کوبتایا کہ انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کوخط لکھ دیا ہے اوروہ خط کی تفصیلات منظرعام پرنہیں لاسکتے تاہم حسین حقانی نے کہا کہ انھوں نے خط میں استدعا کی ہے کہ انھیں ویڈیولنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کی سہولت دی جائے کیونکہ بعض شدت پسند عناصر اورریاستی اہلکاروں کی طرف سے ان کی جان کوخطرہ ہے۔

حسین حقانی نے کہا کہ میمو کمیشن کا مقصد حقائق جاننا ہے اوران پرکوئی مقدمہ بھی نہیں ہے کہ ان کے ساتھ ملزموں جیسا سلوک کیا جائے۔ حسین حقانی نے کہا ہے کہ منصوراعجاز کی طرح انھیں بھی ویڈیو لنک کے زریعے بیان ریکارڈ کروانے کی اجازت دی جائے۔ حسین حقانی نے کہا کہ اگر انھیں ویڈیو لنک کے ذریعے ویڈیو بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت نہ دی گئی تو یہ ایک غیرملکی کوایک پاکستانی شہری پر ترجیح دینے کے مترادف ہوگی۔