اسلام آباد: (جیو ڈیسک) رینٹل پاور کیس کے درخواست گزار مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، اخلاقی طور پر وزیراعظم کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے عوام کی فتح ہو ئی ہے، عدالت نے تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا ہے اورکارروائی بلا امتیاز ہونی چاہیے، نیب نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ اب تو وزیراعظم کے بیٹوں کا نام بھی کرپشن میں آنے لگا ہے۔ وزیراعظم اپنے گھرانے سمیت لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ رینٹل پاور کیس میں کابینہ نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزیراعظم کو استعفی دے دینا چاہئے لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے۔ خواجہ آصف نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ رینٹل پاور منصوبے ختم ہونے سے بجلی کے بحران میں اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کو بجلی پیدا کرنے کی اجازت دی جائے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اعلی عدلیہ کرپشن کے سامنے بند باندھنے کی کوشش کر رہی ہے، اس مقدمے میں فیصل صالح حیات کی کوششوں کو نظرانداز نہیں کیا۔