واشنگٹن: (جیو ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی حکومت پارلیمانی سفارشات کی روشنی میں تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے امریکی قومی سلامتی کے خدشات کو بھی مد نظر رکھے گی۔ غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں ایسے توازن کی ضرورت ہے جس میں پاکستان کی خودمختاری کا احترام بھی ہو اور امریکا کے قومی سلامتی کے خدشات بھی مدنظر رکھے جائیں۔
صدر اوباما کے مطابق جن دہشت گردوں نے امریکا کو نشانہ بنایا ان سے لڑنا امریکا کی مجبوری ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے معاملے پر کھلے ذہن سے بات چیت کی ضرورت ہے۔ انہیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات تناو کا شکار ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور امریکا جوہری ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھ میں نہیں دیکھنا چاہتے۔