اسلام آباد : (جیو ڈیسک) کل سے پٹرولیم مصنوعات میں چھ سے سات روپے تک اضافہ متوقع ہے۔ وزارت پٹرولیم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے پیٹرول پمپ مالکان جنہوں نے قیمتوں میں اضافے کے امکان پر ناجائز منافع خوری کیلئے ایندھن کی فروخت روک دی ہے،ان کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں۔
وزارت پٹر ولیم کے اعلامیہ کے مطابق میڈیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق خبریں نشر ہونے کے بعد کئی پٹرول پمپ مالکان نے پیٹرول کی فراہمی بند کر دی۔ جس کے بعد وزارت پٹرولیم نے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں اور مختلف پٹرول پمپس پر چھاپے مارنا شروع کر دئیے۔ اس حکم کے نفاذ کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ وفاقی حکومت کو پٹرول کی قیمت میں سات روپے تک اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج کیاجائے گا۔