کراچی : (جیو ڈیسک) سیاسی جماعتوں میں موجود جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کراچی میں امن کے قیام کے لئے رینجرز، پولیس اور ایف سی کو بلاتفریق کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو چوبیس گھنٹوں میں جھنڈے اتارنے کا حکم دیدیا گیا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کہتے ہیں پہلے ہی بتا دیا تھا کراچی میں گڑ بڑ ہو گی۔
وزیراعلی ہاؤس کراچی میں قیام امن سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ گڑ بڑ کی پہلیسے ہی اطلاعات تھیں، بہتر انٹلی جینس کی وجہ سے شہر بڑی تباہی سیبچ گیا۔ رحمان ملک نے کہا سات حساس زونز میں پولیس نفری اور گشت بڑھا دیا گیا ہے شارپ شوٹربھی تعینات ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ چوبیس گھنٹے میں جھنڈے اتار دیں۔ رحمان ملک نے خبردار کیا زبردستی دکانیں بند کرانے والوں کو دھر لیا جائیگا۔ وفاقی وزیرکا کہناتھاکہ رینجرز اورپولیس اپنے اختیارات کے تحت کارروائی کر رہی ہے۔ باچا خان مرکز اور متحدہ کے دفاتر پر چھاپوں پر افسوس ہے۔
رحمان ملک نے ایک بار پھر کہا کہ شرپسندی ہونے پر علاقہ ایس ایچ او پر ذمہ داری عائد ہو گی، کیونکہ اسے مطلوبہ اعتماد اور قوت پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پہلے ہی بتادیا تھا کہ کراچی میں گڑ بڑ ہو گی۔ شہرمیں قیام امن کیلئے مکمل طور پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ کراچی کے حالات بلوچستان کی صورت حال سے الگ نہیں۔ زبردستی دکانیں بندکرانے والوں کو دھر لیا جائیگا۔