آصف علی زرداری نجی دورے پر آٹھ اپریل کو بھارت جائیں گے

zardari

zardari

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) آصف علی زرداری نجی دورے پر آٹھ اپریل کو بھارت جائیں گے اور انھوں نے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے ساتھ نئی دہلی میں دوپہر کا کھانا کھانے کی دعوت بھی قبول کر لی ہے۔ اتوار کی شب ایک بیان میں صدارتی ترجمان سینٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا ہے کہ پاکستانی صدر بھارتی شہر اجمیر شریف جائیں گے، جہاں وہ حضرت خواجہ غریب نواز کے مزار پر حاضری دیں گے۔

صدر زرداری اسی روز اسلام آباد وآپس آجائیں گے۔ ترجمان کے بقول، پاکستانی صدر بہت پہلے سے یہ نجی دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور اب اِس کی تصدیق کردی گئی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صدرزرداری کی طرف سیاجمیر شریف کے نجی دورے کی درخواست بھارتی وزارتِ خارجہ کوپاکستان کے دفترخارجہ کی طرف سے چند روزقبل موصول ہوئی تھی، جس کا بھارت نے مثبت جواب دیا۔

پاکستانی صدر اجمیر شریف جاتے وقت نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت کریں گے۔ آخری مرتبہ اِن دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سنہ2009 میں روس کے شہر یکاتیرنبرگ میں شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن ایس سی او کے سربراہ اجلاس کے موقعے پر ہوئی تھی۔

دو ہزار پانچ کے بعد پاکستان کے کسی سربراہِ مملکت کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہو گا اور یہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب حالیہ مہینوں میں دوطرفہ تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔