سکھر: (جیو ڈیسک) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ شریف برادران ایک بار پھر جاگ پنجابی جاگ کی سیاست پر جا رہے ہیں، شہباز شریف سمجھتے ہیں پنجابی عوام کو پکڑ کر سیاست میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور خورشید شاہ نے کہا کہ شہباز شریف مایوسی کا شکار ہیں، شہباز شریف کی جانب سے صدر پر کیچڑ اچھالنا اخلاقیات اور قانون اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب صبر کریں، یہ الیکشن کا سال ہے، جوشیلی باتوں سے پنجاب کے عوام کے جذبات سے کھیلا جا رہا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ صدر کسی آمر کا نامزد نمائندہ نہیں، عوام نے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں ترمیم بھی لائی جائے اور ہو سکتا ہے آئندہ حکومت کی مدت چار سال ہو، کوشش ہے تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کی آئینی مدت کم کرنے کرنے کیلئے متفق کر لیا جائے۔