لاہور : (جیو ڈیسک) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے تاجروں نے مہنگائی کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلائی تو مکمل ساتھ دیں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں جاوید لطیف، تحریک انصاف کی رہنما اور سابق ایم این اے عنارہ احسان بٹ، تحریک منہاج القرآن کے جی ایم ملک شباب ملی کے صدر عتیق الرحمن، جمعیت اہل حدیث کے عبدالغفار روپڑی، وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی و ممبر پنجاب اسمبلی زیب جعفر، ڈاکٹر زمرد یاسمین، کسان بورڈ کے صدر سردار ظفر حسین، رمضان روہاڑی، واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد، تحریک استقلال کے رحمت وردگ نے کہا تیل کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔
سابق ایم این اے اور تحریک انصاف کی رہنماء عنارہ احسان بٹ، آل پاکستان مسلم لیگ کی صائم علی دادا، مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں جاوید لطیف نے کہا حکمرانوں نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ دریں اثنا آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج محکمہ جنگلات ایپکا یونٹ راوی روڈ، لاہور میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد کرے گی۔