اسلام آباد: (جیو ڈیسک) میمو کمیشن کی سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو رہی ہے، آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ احمد شجاع پاشا بھی پہنچ گئے ہیں، جبکہ کشمیری رہنما یاسین ملک سے جرح بھی کی جائے۔ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی آج کی سماعت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔
میمو کمیشن کا اجلاس جسٹس فائز عیسی کی سربراہی میں شروع ہو چکا ہے جس میں کشمیری رہنما یاسین ملک پر منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ جرح کریں گیکمیشن نے حسین حقانی کو بھی بیان ریکارڈ کروانے کے لیے سمن طلبی جاری کیا تھا تاہم انکے وکیل زاہد بخاری کا کہنا ہے کہ وہ آج کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہو سکیں گے۔
آج ہونے والے اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام کمیشن کی ہدایت کے مطابق دو ہزار گیارہ میں حسین حقانی اور دفتر خارجہ کے درمیان ہونے والی تمام خط و کتابت کا ریکارڈ کمیشن کے روبرو پیش کریں گے اس کے علاوہ کمیشن نے حسین حقانی کی بطور سفیر ملازمت کی شرائط اور تمام سہولیات و مراعات کا ریکارڈ بھی طلب کر رکھا ہے۔ تیس مارچ کو دوسری مدت مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے کمیشن کو چھ ہفتے کی مزید مہلت دیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔