پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دیا۔ ایم اے تبسم
Posted on April 6, 2012 By Geo Urdu گجرات
لاہور : (پریس ریلیز) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سینئر رہنماء ایم اے تبسم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دیا ہے۔ اس کے منتخب نمائندوں نے لوٹ مار کواپنا حق سمجھا اور عوام کے مسائل کہیں پس پشت ڈال دئیے ،انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سخت مشکلات سے گزر رہا ہے۔ ایک طرف دہشتگردی کا سامنا ہے ۔ تو دوسری طرف کرپشن اور اقرباء پروری نے عام آدمی کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔
ایم اے تبسم نے کہا کہ حکومتی نااہلی کی اس سے بڑی اور کیا دلیل ہوگی کہ ملک بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا شکار ہے۔ جس کی وجہ سے بے روزگاری کا سیلاب امڈ آیا ہے۔ اس پر ستم یہ کہ حکومتی اہلکار سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں ۔بے حسی کا یہ عالم ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں اور یہ عوامی نمائندے محل تعمیر کر رہے ہیں اور ان کے بینک بیلنس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تو عوام کو جان لینا چاہیے کہ اب نہیں تو پھر کبھی نہیں آئندہ ایسے عوامی نمائندوں کو منتخب کیا جائے جن کا دامن کرپشن سے پاک ہو۔