سندھ : (جیو ڈیسک)جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین بشیر قریشی دل کا دورہ پڑنے سے اسکرنڈ کے اسپتال میں انتقال کرگئے ان کی میت رتوڈیرو کیلیے روانہ کردی گئی ہے۔ جقسم نے سندھ میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین بشیر خان قریشی کو رات گئے دل کی تکلیف ہوئی ۔ انہیں سکرنڈ کے اسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور انتقال کرگئے۔ مرحوم نے لواحقین میں تین بیٹیاں اور تین بیٹے اور بیوی کو سوگوار چھوڑا ہے۔بشیر قریشی کے انتقال کی خبر پر کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔ بشیر قریشی قوم پرست رہنماؤں میں بہت مقبول تھے۔ جسقم نے بشیر قریشی کے انتقال پر سندھ میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے بشیر قریشی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی اور صبر کی تلقین کی۔ رابطہ کمیٹی کے رکن اشفاق منگی نے وائس چیئر مین نیاز کلانی سے رابطہ کیا اور بشیر قریشی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ جسقم کے مرکزی رہنما سرفراز میمن کا کہنا ہے کہ بشیر خان قریشی کی موت کا سبب معلوم کرنے کے لئے پوسٹ مارٹم لاڑکانہ میں کرایا جائے گا۔
بشیر قریشی کے پیٹ میں تکلیف ہوئی تھی ۔ حیدرآباد منتقلی کے دوران انہیں دل کا دورہ پڑا۔ جسقم کی اپیل پر پڈعیدن،دادو، دوڑ، سکرنڈ، قاضی احمد، نواب شاہ، دولت پور اورحیدرآباد میں کاروباری مراکز بند رہیں گے۔