لالہ موسیٰ: سابق صوبائی وزیر خزانہ چوہدری تنویر اشرف کائرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دورہ لاہور کے مثبت نتائج جلد برآمد ہونگے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے میثاق جمہوریت معاہدے کا احترام کرتے ہوئے صرف ن لیگ کو اس لئے برداشت کیا کہ ملک میں جمہوری عمل اپنی جڑیں مضبوط کر سکے ، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کی جانب سے بار بار للکارنے کے باوجود ہم نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ، مگر وزیراعلیٰ پنجاب کے پیپلز پارٹی کی قیادت پر کئے جانے والے حملوں کا اب منہ توڑ جواب دیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب پر مسلط حکمرانوں کو تو سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں ، پنجاب میں ن لیگ کا اقتدار تو پیپلز پارٹی کا مرہون منت ہے ، پیپلز پارٹی بھی آزاد امیدوار اور لوٹوں کو ساتھ ملا کر پنجاب حکومت بنا سکتی تھی ، مگر ہم نے جان بوجھ کر ن لیگ کو حکومت بنانے کا موقعہ فراہم کیا ، انہوںنے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا یہ بیان حقائق پر مبنی ہے کہ ن لیگ کو اقتدار کی چمک ہم نے دی اور ہم یہ چمک آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کو شکست دے کر چھین لیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی قیادت پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے اپنے پنجاب میں دیوالیہ پن کا قوم کو حساب دے کر پنجاب حکومت اربوں روپے کے خسارے میں کیوں چل رہی ہے اس کا اربوں روپیہ کن تندوروں میں جھونکا جا رہا ہے ۔