اسلام آباد: (جیو ڈیسک) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بے نظیر قتل کی دوسری ایف آئی آر کے مقدمے میں اس وقت سنا جائے گا جب کو خود کو عدالت کے سامنے پیش کرینگے۔
چیف جسٹس پر مشتمل تین رکنی بینچ کو پراسیکیوٹر ایف آئی اے چوہدری اظہر نے بتایا کہ پرویز مشرف کو انسداد دہشت گردی کی عدالت پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے چکی ہے جن کی گرفتاری کے انٹر پول سے بھی رابطہ کیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق اشتہاری ملزم اپنا موقف پیش کرنے کے لیے خود عدالت کے سامنے پیش ہو۔ اس مقدمہ میں ہمارا واسطہ صرف بے نظیر قتل کی دوسری ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق ہے۔ ایف آئی آر میں کن ملزمان کے ناموں کا اندراج ہو گا اس سے عدالت کو کوئی سروکار نہیں ہے۔