ممبئی : (جیو ڈیسک) بھارتی ٹی وی چینل اسٹار پلس کے میوزیکل پروگرام ( وائس آف انڈیا) سے شہرت کا سفر شروع کرنے والے سنگر اور میوزک کمپوزر توشی صابری اب ایک نیا ریکارڈ بنانے جارہے ہیں۔ ان کی خواہش اور بھرپور کوشش ہے کہ بالی ووڈ فلموں کے طویل ترین گانے کا ریکارڈ ان کے نام ہوجائے۔
توشی صابری اپنے بھائی شارب کے ساتھ فلمساز ، روکی کھنہ کی فلم (مستان)کے لئے ایک لو سانگ کی ریکارڈنگ کرنے جارہے ہیں جس کے بول ہوں گے مورا من مانے نا۔۔گانے کا دورانیہ 21منٹ ہوگا۔ یہ اب تک کا سب سے طویل گانا ہوگا ۔
اگرچہ ابھی یہ گانا ڈمی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن توشی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ یہ گانا وہ لتا منگیشکر کی آواز میں ریکارڈ کرائیں۔ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتنے طویل گانے کے بارے میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا ۔ وہ اور ان کے بھائی ٹائم دیکھنے بغیر اسے ڈمی آواز وں میں ریکارڈ کرارہے تھے جب گانا فائنل ہوا تو دیکھا 21 منٹ ہوگئے۔ بس پھر کیا تھا ہم نے فیصلہ کیا کہ گانے کا دورانیہ 21 منٹ ہی رکھا جائے تو کیسا رہے گا۔ چنانچہ جلد یہ گانا فائنل ہونے جارہا ہے۔
اب تک بھارتی فلموں کے طویل ترین گانے کے طور پرایک قوالی کا نام درج ہے جس کے بول ہیں۔۔۔ہمیں تو لوٹ لیا۔۔اس قوالی کا دورانیہ 11منٹ ہے۔ توشی اپنی کوشش میں کامیاب ہوگئے تو بھی یہ دیکھنا ہوگا کہ اس قدر طویل دورانئے کا گانا سننے والوں پر کوئی مثبت تاثر بھی چھوڑتا ہے یا نہیں۔۔۔