ممبئی : (جیو ڈیسک) ھوسلا کا گھونسلہ، بھیجا فرائی اور ٹریفک سگنل جیسی فلموں میں اپنی اچھی اداکاری سے تعریف بٹورنے والے اداکار رنویر شوری کو بالی وڈ کا موجودہ چلن کچھ راس نہیں آ رہا ہے۔ رنویر کا کہنا تھا کہ یہاں بڑے ناموں والی بے کار فلموں میں لوگ پیسے ڈبونے کے لیے تیار ہیں. لیکن ہم جیسے چھوٹے اور اچھے فنکاروں کی فلموں میں کوئی پیسہ نہیں لگانا چاہتا۔ یہ بڑے بدقسمتی کی بات ہے۔
رنویر کے مطابق یہ بازار کا چلن ہے اور اس میں وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ رنویر کی جلد ہی ایک فلم آنے والی ہے جس کا نام ہے لائف کی تو لگ گئی۔ تقریبا ڈیڑھ سال بعد ان کی کوئی فلم ریلیز ہو رہی ہے۔ وہ کہتے ہیں، مجھے تو شرم آنے لگ گئی تھی اپنے آپ کو اداکار کہتے ہوئے۔ لوگ پوچھتے کہ آپ کی اگلی فلم کب آ رہی ہے، تو میں بھلا انہیں کیا جواب دیتا۔ چلو اچھا ہے اب میرے پاس بتانے کو کچھ تو ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ کم فلمیں کرنے کے بعد بھی میں لوگوں کا شکرگزار ہوں کہ مجھے انہوں نے ہر کردار میں پسند کیا لیکن بطور سولو ہیرو میں کوئی ہٹ فلم نہیں دے پایا اس بات کا مجھے ابھی تک ملال ہے۔
بیس اپریل کو ریلیز ہونے والی ‘لائف کی تو لگ گئی میں کے کے مینن، نیہا بھسین اور پردیمن سنگھ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔