میمو کمیشن: حقانی کے زیراستعمال فنڈز کا ریکارڈ پیش

haqqani

haqqani

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) میمو کمیشن کے اجلاس میں امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے زیر استعمال سیکریٹ فنڈز کا ریکارڈ پیش کر دیا گیا۔ کمیشن نے سیکریٹ فنڈز کا معاملہ دیکھنے کے لئے کارروائی ان کیمرہ کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والے میمو کمیشن کے اجلاس میں دفترخارجہ کے ڈی جی امریکن ڈیسک سہیل خان پیش ہوئے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے سہیل خان سے سوال کیا کہ حسین حقانی کا موبائل گم ہونے پر وزارت خارجہ کو بتایا گیا تھا یا نہیں۔ اطمینان بخش جواب نہ دینے پر جسٹس فائز ڈی جی امریکن ڈیسک سہیل خان پر برہم ہوگئے اور سیکرٹری خارجہ کو فوری طلب کر لیا۔ جسٹس فائز نے سہیل خان کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں نااہل افسر قرار دیا اور کہا وہ کمیشن کے ساتھ گیم کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کے خلاف توہین عدالت کا چارج لگایا جا سکتا ہے۔

دفتر خارجہ کے حکام نے حسین حقانی کے زیراستعمال فنڈز کا ریکارڈ میمو کمیشن میں پیش کیا۔ جس کی جانچ پڑتال بند کمرہ اجلاس میں کی گئی۔ اس سے پہلے جسٹس فائز عیسی نے عاصمہ جہانگیر کے بیان پر شدید اظہار برہمی کیا۔ ان کا کہنا تھا عاصمہ جہانگیر نے یہ بیان کیسے دیا میمو کمیشن حسین حقانی کی جان کے درپے ہے، پاکستان بار کونسل عاصمہ جہانگیر کے بیان کا نوٹس لے۔ جسٹس فائز عیسی نے کہا ایک سفیر کو اپنے ملک میں سیکیورٹی تحفظات حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔