لاس اینجلس : (جیو ڈیسک) ہالی وڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی ترجمان نے ان کی منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ابھی شادی کی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، انہوں نے منگنی کو مستقبل کا وعدہ کہا۔
یہ جوڑا سنہ دو ہزار پانچ سے ہالی وڈ کی معروف ترین شخصیات میں سے ہیں۔دونوں کے چھ بچے ہیں جن میں سے تین کو انہوں نے گود لیا ہے۔ اداکار جان وہٹ اور اداکارہ مارشلین برٹرینڈ کی بیٹی انجلینا جولی سنہ انیس سو ننانوے میں فلم گرل انٹرپٹڈ کے لیے آسکر جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بہت سی کامیاب فلمیں میں کام کیا ہے جن میں مسٹر اینڈ مسز سمتھ شامل ہے جہاں ان کی ملاقات بریڈ پٹ سے ہوئی تھی۔ انجلینا جولی اس سے پہلے اداکار جونی لی ملر اور بلی باب تھرٹن سے شادی کر چکی ہیں۔
دوسری جانب بریڈ پٹ بھی بہت سی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں جن میں اوشنز الیون اور سیون شامل ہیں۔ حال ہی میں انہیں مبصرین کی پسندیدہ فلموں منی بال اور ٹری آف لائف میں بھی دیکھا گیا۔ بریڈ پٹ کی اداکارہ گونتھ پالٹرو کے ساتھ ایک معروف رشتہ اور اداکارہ جینیفر اینسٹن کے ساتھ شادی رہ چکی ہے۔ بریڈ پٹ اور اینجلینا جولی نے بہت سے فلاحی اور انسانی ہمدردی کے امور پر کام کیا ہے۔