بنوں (جیو ڈیسک)بنوں میں شدت پسندوں نے سینٹرل جیل پر حملہ کرکے تین سو سے زیادہ قیدی فرار کرالئے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے جیل پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔شمالی وزیرستان کی سرحد سے متصل بنوں شہرکی سینٹرل جیل پر درجنوں شدت پسندوں نے رات ایک بجے دھاوا بولا۔ جیل کے عملے نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن جدید ہتھیاروں سے لیس شدت پسندوں نے راکٹ برسا کر جیل کی دیوار جگہ جگہ سے توڑدی اوراندر داخل ہوگئے۔
حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کے ساتھ دستی بم بھی پھینکتے رہے۔ حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد لگاکر جیل کے گیٹ گرائے اور بیرکوں کے تالے توڑکر سیکڑوں قیدیوں کو فرار کرالیا۔ فرار ہونے والوں کی تعداد تین سو سے زائد ہے۔ جن میں پرویز مشرف پر حملے کے مجرم سمیت کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر کالعدم تنظیموں کے ارکان شامل ہیں۔
راکٹ حملے سیجیل کے اسٹور، ریکارڈ روم میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ریکارڈ کابیشتر حصہ جل گیا۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان عصمت اللہ نے دعوی کیا ہے انہوں نے بارہ سو قیدی چھڑائے ہیں جن میں مقامی اور غیرملکی طالبان بھی شامل ہیں۔