اسلام آباد: (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ میں رنکل کماری کیس کا فیصلہ آج متوقع ہے۔ جس کے باعث ضلع گھوٹکی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ کئی علاقوں کو عام افراد کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ضلع کے دو شہروں ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کو انتہائی حساس قرار دیکر رینجرز اور پولیس کی دو سو چوکیاں قائم کر کے ایک ہزار پولیس اہلکاروں اور پانچ سو کمانڈوزکو تعینات کیا گیا ہے۔ رینجرز اور پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا۔
ضلع بھر میں دس روز کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ اور مذہبی مقامات پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔ شہروں میں آنے جانے والوں کو تلاشی لی جا رہی ہے۔