برطانوی وفد گزشتہ روز وطن واپس روانہ ہو گیا
Posted on April 19, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: برطانوی وفد گزشتہ روز وطن واپس روانہ ہو گیا ، تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے ووڈ کرافٹ نامی تنظیم کا تین رکنی وفد جو کہ آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کی دعوت پرپاکستان آیا ہوا تھا ، ایک ہفتے کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گیا ہے ، برطانوی وفد نے ضلع گجرات میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور طلباء و طالبات کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی جبکہ اساتذہ کرام سے بھی ملاقاتیں کیں ، وفد نے مجموعی طو رپر تعلیم حاصل نہ کرنے والے بچوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ، اور اپنی مدد آپ کے تحت مختلف قسم کے چلائے جانے والے اداروں کا بھی دورہ کیا وفد نے پاکستان میں چار فری ایجوکیشن سکولز کا بھی افتتاح کیا اور ان کو مزید ڈیڑھ سال تک چلانے کی یقین دہانی کروائی ، وفد نے کہا کہ بلاشبہ دنیا بھر میں اس وقت حالات انتہائی ناگزیر ہیں ، لیکن پھر بھی ہم پاکستان میں اے پی ایف یو ٹی یو کے اشتراک سے ان تعلیمی اداروں کو چلائیں گے ان تعلیمی اداروں میں کسی بھی قسم کی حکومتی یا سیاسی و مذہبی مداخلت نہیں کی جائے گی ، یہ مکمل طو رپر غیر جانبدار اور خود مختار طریقے سے چلایا جانے والا اپنی نوعیت کا منفرد سکول سسٹم ہو گا ، جس میں صرف محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی جو کہ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ، اس سکول سسٹم میں بچوں کو فری کتابیں ، یونیفارم کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ، جبکہ ماہ جولائی میں تنظیم ایک بار پھر دو رکنی وفد پاکستان بھیجے گا تا کہ بچوں اور اساتذہ کو انگریزی کی تعلیم کی ٹریننگ دی جا سکے کیونکہ دنیا بھر میں انگریزی زبان مقبول ترین زبان ہے ۔