لاہور: (جیو ڈیسک) وفاقی کابینہ میں ہونے والی نئی توسیع کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نئے وزراء کی شمولیت سے قومی خزانہ متاثر ہو گا جبکہ کچھ وزراء پر بدعنوانی کے الزامات بھی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں ایڈووکیت اظہر صدیق کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ میں نئے وزراء کی شمولیت سے قومی خزانے پر مزید بوجھ پڑے گا۔ ایک وزیر پر روزانہ ایک لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ آتا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے کچھ وزرا پر بدعنوانی کے الزامات ہیں اور بعض کے وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع کو غیر آئینی قرار دے کر اسے منسوخ کیا جائے۔