اسلام آباد : (جیو ڈیسک) کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے تین سو بھوجا ایئر میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد جانے والے ورثاء راستے بھر پیاروں کو یاد کر کے آہیں بھرتے اور سسکیاں لیتے رہے۔ وہ اپنے عزیزوں کے جسد خاکی کراچی لے جانے کیلئے فکر مند تھے۔ اس موقع پر انہوں نے غمزدہ لہجے میں انتظامیہ سے تعاون اور حادثہ کی اعلی سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کراچی کارہائشی شاہنواز بھی ان ہی سوگوار خاندانوں میں شامل ہے جس کا بھائی اور کزن اس سانحے کا شکار ہو گئے۔
شاہنواز کو جب پمز اسپتال میں پیاروں کا کچھ پتہ نہ چلا تو وہ جائے حادثہ پر آ پہنچا جہاں پاک فوج نے اس کی تسلی کیلئے جگہ کا معائنہ کرایا وآپسی پر اس کا کہنا تھا کہ جائے وقوع پر کچھ نہیں بچا۔ یہ داستان ایک شاہنواز کی نہیں بلکہ بدنصیب طیارے میں سوار ہر مسافر کے خاندان کی ہے۔