بحرین : (جیو ڈیسک) بحرین میں حکام نے کہا ہے کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ آج وہاں ہونے والی فارمولا ون گرینڈ پرکس ریس احتجاجی مظاہروں سے متاثر نہیں ہوگی۔ شیڈول کے مطابق اس ریس کو پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے منعقد ہونا ہے۔
ریس کے راستوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ حکومت کے مخالفین کو وہاں سے دور رکھا جاسکے۔گزشتہ روز بحرین میں حکومت مخالف احتجاج میں اس وقت شدت آگئی تھی جب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے ایک شیعہ مسلمان کی لاش ایک عمارت کی چھت سے برآمد ہوئی تھی۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فارمولا ون ریس منسوخ کی جائے لیکن حکومت اسے بہرصورت منعقد کرانے پر مئصر ہے۔