اسلام آباد : (جیو ڈیسک)وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت اہم اجلاس، اتحادی جماعتوں کیپارلیمانی رہنماوں کی شرکت ۔ اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکجہتی۔عدالت کے اطراف کا علاقہ ریڈ زون قرار، کچھ دیر بعد علاقہ سیل کردیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ وزیراعظم کے ساتھ پیدل سپریم کورٹ جائے گی۔ توہین عدالت کیس میں فیصلے کی گھڑی قریب تر آگئی ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کیس میں فیصلہ سنائے جانے کے اعلان پر حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں نے اپنی اپنی حکمت عملی طے کر لی۔
وزیر اعظم نے عدالت میں تیسری مرتبہ پیش ہونے کا اعلان کیا تو وفاقی کابینہ کے وزرا اور اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم گیلانی سے اظہار یک جہتی کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزماں کائرہ کا کہناتھا کہ یوسف رضا گیلانی عام شہر ی کی حییثیت سے عدالت جائیں گے۔
کابینہ کا موقف تھا کہ صدر کو استثنی حاصل ہے انہیں غیرملکی مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے تجویز پیش کی کہ صرف وزیراعظم نہیں بلکہ پور ی کابینہ اہم فیصلے کے موقع پر عدالت میں موجود ہوگی۔
بیرسٹر اعتزاز احسن کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ کیا اور فیصلہ سنانے کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہناتھا انہوں نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔