کراچی : (جیو ڈیسک) لیاری میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران مسلح افراد نے ایف سی کی گاڑیوں پر دستی بم سے حملے کئے ہیں اور راکٹ بھی داغے جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ گزشتہ روز کراچی کے دیگر مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 5افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق شیریں جناح کالونی میں مسلح موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے شیر افضل اور اس کا بیٹا امجد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج دونوں دم توڑ گئے۔
لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے گل شان ہلاک ہو گیا۔ لیاری کے علاقے بغدادی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا، لیاری کے علاقے آٹھ چوک کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے لیاری ٹاؤن کے سابق نائب ناظم ملک محمد خان نیازی جاں بحق ہوئے۔ ناظم آباد دو نمبر بنگش ہوٹل پر مسلح افراد کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کر کے چار ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں چھاپہ مارکر ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلرز کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جو ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔