پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے: نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ
Posted on April 27, 2012 By Geo Urdu گجرات
لالہ موسی: پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔انصاف عام ،احتساب سر عام اور اقتدار میں عوام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے 16ویں یوم تاسیس کے موقع پرکارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ جنر ل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی 16سالہ دن رات کی انتھک محنت کے نتیجہ میں آج پاکستان تحریک انصاف کا پیغام زبان زد عام ہے۔تحریک انصاف کا مشن کامیابی کے ساتھ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ۔عمران خان پاکستان بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ہم انکے شانہ بشانہ اس جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے۔آج پاکستان کے ہر کوچہ میں تحریک انصاف کے کارکنان موجود ہیں جو اپنی انتھک محنت سے تحریک انصاف کے تبدیلی کے جھنڈے تلے متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ توہین عدالت کا مرتکب ہونے اور سپریم کو رٹ کے سزا یافتہ شخص کو پاکستان کا وزیر اعظم رہنے کا کوئی حق نہیں۔پاکستان کی عدالت اعظمیٰ کا حکم نہ ماننے والے مملکت خداداد پاکستان کے کسی عہدے پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے عدالتی احکامات پر عمل کرنے کی توقع ہی نہیں کرنی چاہیے۔