کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سول لائن تھانے کے ایس ایچ او فواد خان سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے لیاری میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کرگئی پولیس کی جانب سے لیاری کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیئے جانے والے آپریشن کے دوران سول لائن تھانے کے ایس ایچ او فواد خان سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ اکیس افراد زخمی ہوگئے۔ فواد خان بکتر بند گاڑی کو خود چلاتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ کلاکوٹ کے علاقے میں داخل ہوئے کہ مسلح افراد نے بکتر بند کو چاروں طرف سے گھیر لیا پہلے ٹائروں پر فائرنگ کی گئی اور پھر بکتر بند کے شیشے توڑ کر فواد خان پر فائرکیئے جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار ملک تصدق شدید زخمی ہوگیا جسے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا ۔
شر پسندوں کی جانب سے لیاری کے علاقے کلری ،کلاکوٹ،بغدادی اور بہار کالونی سمیت مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کے ساتھ راکٹ لانچر اور دستی بموں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ لیاری میں جاری کشید گی کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے۔