لاہور : (جیو ڈیسک)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تاہم اسے کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔لاہور میں کورین وفد کے ہمراہ عجائب گھر کی گندھارا آرٹ گیلری کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ توہین عدالت تو شریف برادران پر عائد ہونی چاہیے جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور اعلی عدلیہ کی تضحیک کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سزا کے خلاف جلد اپیل کریں گے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ اب یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کون ہوتے ہیں جو وزیر اعظم کو تسلیم نہیں کرتے، ان کے ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر سب کو عمل کرنا چاہیے، اپیل میں جانے کا مطلب یہ ہے کہ حکومت نے عدالت کا فیصلہ مانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور مسلم لیگ ن سے ان کا کوئی رابطہ نہیں۔