سپریم کورٹ میں بلوچستان سے لاپتا افراد اور امن و امان کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ایک روز کے وقفے کے بعد آج دوبارہ ہوگی ۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری، جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس طارق پرویز پر مشتمل بنچ کوئٹہ میں کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے خضدار کی تحصیل باغبانہ سے لاپتا ہونے والے9 افراد کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت میں مزید 62 لاپتا افراد کے لواحقین کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت بھی ہوگی۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ نصیب اللہ بازئی بلوچستان سے لاپتا افراد، لاشوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے ۔ ہزارہ اقلیت کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بھی آج کی جائے گی۔